اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کے حوالے سے تاحال رابطہ نہیں کیا۔
جو حکومتی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے، کہتی ہیں دباؤ نہ ہو تو حکومت اپنی بات سے مکر جاتی ہے۔ شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کل فیصل آباد میں ہر صورت احتجاج کرے گی، ہماری احتجاجی تحریک پرامن ہے۔
حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ابھی تک حکومت نے رابطہ نہیں کیا، مذاکرات کے حوالے سے حکومتی سنجیدگی بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ دباؤ نہ ہو تو حکومت اپنی بات سے مکر جاتی ہے جن ایشوز پر اتفاق ہو چکا تھا کہ حکومت ان سے آگے بڑھے ، شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے بااختیار عدالتی کمیشن کا قیام چاہتے ہیں، تحریک انصاف آزاد جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرے گی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین آج شام پانچ بجے بنی گالہ میں اہم پریس کانفرنس کرینگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے فیصل آباد جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔
عمران خان کل ساڑھے تین بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فیصل آباد پہنچیں گے، تحریک انصاف کے کارکنوں کو فیصل آباد کے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو احتجاج میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔