کراچی (جیوڈیسک) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ زراعت معیشت کی شہہ رگ ہے لیکن حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے کسان بہت ہی مشکلات کا شکار ہے اور حکومت کی مستقبل میں بھی زراعت کے متعلق کوئی مناسب پالیسی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا کسان خوشحال ہے کیونکہ وہاں کی حکومت کی زراعت پر خصوصی توجہ ہے اور وہاں کسان کو کھاد‘ بجلی‘ ڈیزل‘ پانی وغیرہ بہت ہی کم قیمت پر فراہم کیا جاتا ہے جس کے باعث بھارت میں فی ایکڑ پیداوار پاکستان کی نسبت دوگنی ہے اور وہاں کا کسان خوشحال ہے جبکہ بھارت میں پاکستان کی نسبت نقد آور فصلوں کی قیمتیں کم ہیں لیکن حکومت کی جانب سے زراعت کیلئے تمام چیزیں بہت کم قیمت پر مہیا ہونے کے باعث کسان کی لاگت بھی بہت کم ہے۔
کئی وفاقی وزراءکو کسان کی مشکلات کا علم ہی نہیں لیکن وہ ٹی وی مذاکروں میں بیٹھ کر بے بنیاد دعوے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کی طرح پاکستان میں بھی کسان کو کھاد‘ بجلی‘ ڈیزل‘ پانی وغیرہ انتہائی کم قیمت پر مہیا کئے جائیں تو یقیناً یہاں کا کسان بھی خوشحال ہوگا اور پھر اگر 1000روپے من گندم کا ریٹ بھی مقرر کردیا جائے گا تو قابل قبول ہوسکتا ہے لیکن اس کے لئے حکومت کی جانب سے بہت ہی کم قیمت پر زراعت کے لئے ضروری اشیاءفراہم کرنا بہت ضروری ہے۔