حکومت پر قابض تھائی لینڈ کی فوج کا ملک بھر سے کرفیو اٹھانے کا اعلان

Thailand

Thailand

بنکاک (جیوڈیسک) تھائی لینڈ پر قابض فوجی حکومت نے ملک بھر سے کرفیو اٹھانے اور ایک ماہ میں نگراں حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر کرفیو کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرفیو کے خاتمے کا فیصلہ ملک میں امن وامان کی بہتر ہوتی ہوئی صورت حال اور سیاحت کی بہتری کے لیے گیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی روز سے ملک بھر میں بدامنی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس کے باعث کرفیو اٹھایا جا رہا ہےجب کہ 30 صوبوں میں پہلے ہی کرفیو ختم کردیا گیا تھا جبکہ آ ج باقی رہ جانے والے 47 صوبوں سے بھی کرفیو اٹھایا جارہا ہے۔

دوسری جانب تھائی فوج کے سربراہ جنرل پریوٹ چین چوا نے اعلان کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران نگراں حکومت قائم کی جائے گی جس کا اختیارایک سال کے اندر انتخابی اصلاحات مکمل کرنا ہوگا جس کے بعد انتخابات کا اعلان کردیا جائے گا۔ آرمی چیف نے یقین دلایا کہ اگست کے اختتام یا ستمبر کے شروع میں نگراں حکومت کا اعلان کیا جائے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا نگراں کابینہ میں شامل وزرا فوجی ہونگے یا سویلین اور اس حوالے سے انہوں نے تفصیلات دینے سے بھی گریز کیا۔

واضح رہے کہ تھائی فوج نے 22 مئی کو اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے حکومت کو رخصت کر دیا تھا اور کسی بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کرفیو نافذ کردیا گیا تھا، فوجی کارروائی سے قبل تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرے زور پکڑ چکے تھے جب کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کافی عرصے سے احتجاج کر رہی تھیں جبکہ اس دوران جھڑپوں میں کئی افراد کو بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔