کراچی (جیوڈیسک) آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کے وزیر اعظم کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سرکار نے تیل مصنوعات پر جی ایس ٹی کم کر دیا ہے۔
عوام کو ریلیف دینے کی خاطر قومی خزانہ 9 ارب روپے کی آمدن سے محروم ہو جائے گا۔
وزارت پٹرولیم ذرائع کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثر سے عوام کو محفوظ رکھنے کی خاطر آئندہ ماہ کے لیے پٹرول پر سیلز ٹیکس 14 روپے 48 پیسے سے کم کر کے 12 روپے 89 پیسے فی لٹر ، ہائی آکٹین پر فی لٹر سیلز ٹیکس 18 روپے 57 پیسے سے کم کر کے 13 روپے 90 پیسے جبکہ مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی 10 روپے 40 پیسے سے کم کر کے 4 روپے 76 پیسے فی لٹر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل پر جی ایس ٹی 9 روپے 63 پیسے سے کم کر کے 4 روپے 72 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 29 روپے 57 فی لٹر پر برقرار رکھا ہے۔