اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعاؤں کا سلسلہ جاری۔ حکومتی اور اپوزیشن رہنما بھی سراپا دعا۔ نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم کی صحتیابی کے لئے خود دعا کرائی۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں اللہ تعالیٰ جلد وزیراعظم کو اپنے لوگوں کے درمیان لائے گا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں بھی خصوصی دعا کرائی گئی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حسین نواز کو ٹیلی فون کر کے وزیراعظم کی خیریت دریافت کی۔
ملالہ یوسفزئی نے حسن نواز کو فون کر کے وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پشاور ایئر بیس حملے میں شہید کیپٹن اسفند یار کے والد نے بھی صحت یابی کی دعا کی۔ مختلف شہروں میں بکروں کا صدقہ دیا گیا۔
فیصل آباد میں شیر علی نے صحت کی دعا کی۔ لیگی رہنماؤں نے بطور صدقہ بیل بھی ذبح کیا۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔