فیصل آباد: حکومت اور اپوزیشن ارکان اسمبلی اپنی تنخواہوں میں اضافے کیلئے ایکا کرکے لاکھوں روپے کا اضافہ کرلیتے ہیں مگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے تیار نہیں ہیں ،ارکان اسمبلی کے شاہانہ اخراجات اقرباء پروری اور قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ سے جہاں ملکی معیشت کا بیٹرہ غرق اور ترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے۔
وہاں دوسری طرف مہنگائی ،بے روز گاری ،غربت سے غریب عوام کے گھروں میں فاقوں تک کی نوبت آچکی ہے ۔یہ بات ایپکا ٹی ایم ایز فیصل آباد کے راہنمائوں میاں محمد اظہر ،زاہد حسین ملک،الیاس شاکر، کاشر بٹ،طارق محمود خان اور محمد خان کلو نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن پالیسی کا اعلان کرے اور تمام الائونئس بنیادی تنخواہوں میں ضم کرکے تنخواہوں میں پچاس فیصد اضافے کا اعلان کرے۔ اگر بجٹ میں حکومت نے ملازمین کو نظر انداز کیا تو حکومت کیخلاف سرکاری ملازمین سٹرکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائینگے۔
حکومت بجٹ میں غریب ملازمین کیلئے مراعات کا اعلان کرکے انسان دوستی کا عملی ثبوت دے۔انہوںنے اعلان کیا کہ ایپکا کی اپیل پر ٹی ایم ایز ملازمین 2جون کو اسلام آباد احتجاج اور دھرنا کیلئے بھر پور ساتھ دینگے اور ملازمین کے حقوق کی بازیابی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔