لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت کوچاہئیے کہ وہ ہوشمندی کا مظاہرہ کرے اور پاکستان عوامی تحریک کے خلاف انتقامی کارروائیوں کاسلسلہ بند کرے۔
لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی یامذہبی جماعت کے کارکنوں کا سیاسی و جمہوری حق ہے کہ وہ اپنے رہنما کااستقبال کریں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہزاروں کارکنان بھی ان کااستقبال کرنے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تھے لیکن حکومت کی جانب سے اسلام آباد کو جس طرح سیل کیا گیا۔
جس طرح پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ان پر شیلنگ کی گئی اور انہیں روکا گیا وہ قابل مذمت ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ حکومت کو چاہئیے کہ وہ ہوشمندی کا مظاہرہ کرے اور پاکستان عوامی تحریک کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے۔