حکومت پاکستان داعش کی سرگرمیوں کا نوٹس لے، سلیم دانش

MQM

MQM

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش کی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ قائد تحریک الطاف حسین ایک بار پھر قوم کو داعش کی صورت میں آنیوالے خطرات سے بروقت آگاہ کرچکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم برطانیہ سائوتھ آل یونٹ کے تنظیم نو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی نشریاتی اور خبر رساں ادارے تسلسل کے ساتھ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش کی پاکستان کے مختلف علاقوں میں سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹنگ کررہے ہیں۔

مختلف شہروں میں داعش کے حمایت میں پمفلٹ تقسیم کئے جارہے ہیں اور وال چاکنگ کے ذریعے اپنی موجودگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ لہذا ریاستی تحفظ کے ذمہ دار ادارے اور حکمران فوری طور پر داعش کی سرگرمیوں کے سدباب کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ماضی میں پاکستان کے مختلف شہروں میںطالبانائزیشن سے بروقت قوم کو آگاہ کرچکے ہیںلیکن بدقسمتی سے حکومتی وزراء اور اعلیٰ حکام قائد تحریک کے بیان کردہ حقائق سے مسلسل انکار کرتے رہے ہیں اور آج مختلف شہروں بالخصوص کراچی میں طالبان کے محفوظ ٹھکانے قائم ہوچکے ہیں جہاں سے وہ اپنی دہشت گردی کی کاروائیاں کررہے ہیں۔

اگر فوری طور پرالطاف حسین کے داعش سے متعلق حقائق کا نوٹس نہیں لیا گیا تو خدانخواستہ قوم کو ایک بار پھر جانی او ر مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس سے ایم کیو ایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزر سہیل خانزادہ اور آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگر اراکین نے بھی خطاب کیا۔آخر میں ایم کیو ایم برطانیہ سائوتھ آل یونٹ کی یونٹ کمیٹی کے ناموں کا اعلان کیا گیاجس میں یونٹ انچارج محمد راشد، سینئر جوائنٹ انچارج عبدالعیم، جوائنٹ انچارج محبوب الہی، اراکین یونٹ کمیٹی محمد اشفاق، محمد محسن، تمیریز احمد، عبدالوسیم مرزاشامل ہیں۔