حکومت پاکستان معیشت کی بہتری کیلئے محنت سے کام کر رہی ہے: رچرڈ اولسن

Richard Olson

Richard Olson

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر رچررڈ اولسن نے کہا ہے کہ تجارتی اور صنعتی مراسم کو بہتر بنانے، افرادی قوت کی تربیت اور معاشی نمو کی راہ میں حائل خرابیوں کو دور کرنے کے لئے امریکہ پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔

آئی ایم معاہدے کی پاسداری اور عالمی مارکیٹ میں سکوک بانڈز کے کامیاب اجراء سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ پاک امریکہ تجارت 2013ء میں پانچ ارب ڈالرز سے زائد رہی جبکہ امریکی سرمایہ کاروں نے سات سالوں میں ایک ارب تیس کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔

امریکی سفیر نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور انڈر سیکرٹری کیتھرین نوویلی کی قیادت میں بنایا گیا ورکنگ گروپ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ مارچ 2015ء میں اسلام آباد میں معاشی شرکت داری کے ہفتے کا انعقاد اسی کوشش کا نتیجہ ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کے فروغ میں حکومتوں سے زیادہ اہم کردار عوام اور کاروباری شعبے سے وابسطہ افراد کر سکتے ہیں۔