حکومت پاکستان جھوٹے برطانوی صحافی کا دفاع کر رہی ہے: مریم اورنگزیب

 Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہنا ہے کہ حکومت پاکستان جھوٹے برطانوی صحافی کا دفاع کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نے جیل میں بیٹھے قیدیوں تک برطانوی صحافی کو رسائی دی اور ڈیلی میل میں اسٹوری پلانٹ کرائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شہباز شریف اور نواز شریف کے بغض میں ملک دشمنی کررہی ہے، ان ممالک کو نشانہ بنایا گیا جو مشکل میں ہماری مدد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان جھوٹے برطانوی صحافی کا دفاع کر رہی ہے، ان کی ٹانگیں اس لیے کانپ رہی ہیں کہ اسٹوری انہوں نے خود پلانٹ کی، شہباز شریف نے لندن میں ڈیلی میل کو نوٹس بھجوایا لیکن یہاں حکومت پریس کانفرنس کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں صدر مسلم لیگ (ن) کو چیلنج دیا کہ اگر آپ عدالت میں نہیں جائيں گے تو میں خود عدالت میں جاؤں گا اور بتاؤں گا کہ اخـبار میں جو آيا وہ صرف 5 فیصد ہے جب کہ 95 فیصد باقی ہے۔