حکومت پاکستان کے زیرِ انتظام مظفرآباد میں مقامی لوگوں کے لیے نیا ہسپتال ہسپتال میں جہاں مفت علاج ہوگا وہیں نئے ڈاکٹروں کو تربیت دینے کی بھی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
Posted on March 23, 2013 By Noman Webmaster میرپور / کشمیر
مظفرآباد(رپورٹر۔ این این اے)برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری ڈاکٹروں کی کوششوں سے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر مظفرآباد میں ایک نیا خیراتی ہسپتال تعمیر کیا گیا ہے۔اس ہسپتال میں لوگوں کا مفت علاج کیا جائیگا جس کا پاکستانی کشمیر کے وزیرِاعظم چودھری عبدالمجید نے افتتاح کیا۔اس نوے بستر والے ہسپتال کو برطانیہ میں ڈاکٹروں کی تنظیم ‘مڈ لینڈ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن’ کی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔
ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر سید یوسف افتخار کا کہنا ہے کہ اکتوبر دو ہزار پانچ میں آئے تباہ کن زلزلے کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ خیبر پختونخوا میں امدادی کاموں کے لیے آئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران طبی سہولیات کی خراب حالات دیکھ کر ہی انہوں نے علاقے میں ایک خیراتی ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں جہاں مفت علاج ہوگا۔
وہیں نئے ڈاکٹروں کو تربیت دینے کی بھی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ڈاکٹر یوسف کے مطابق آپریشن اور علاج کے لیے ہر ماہ برطانوی ماہر سرجنوں کی ایک ٹیم اس ہسپتال کا دورہ کریگی اور وہ اپنے تجربات یہاں کے نئے ڈاکٹروں کے ساتھ شیئر کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال پر اب تک کئی کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ہسپتال کی عمارت اس طرح سے تعمیر کی گئی ہے کہ ری ایکٹر سکیل پر نو تک آئے زلزلے کے جھٹکوں کو وہ برداشت کر سکتی ہے۔