لاہور: حکومت پاکستان علماء کونسل کے سربراہ اور دیگر قائدین کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز وزارت داخلہ کی طرف سے اطلاع دی گئی ہے کہ ایک شدت پسند گروپ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو نشانہ بنانے کی تیاری کر چکا ہے جس کے بعد حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور پاکستان علماء کونسل کے قائدین کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو دی گئی سیکورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ دریں اثناء پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی پر ایک دہشت گرد گروہ کی طرف سے حملہ کرنے کی اطلاع پر ملک بھر کے مذہبی اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق ، اے این پی کے سر براہ اسفند یار ولی ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ، سنی اتحاد کونسل کے سر براہ علامہ پیر محفوظ مشہدی ، شیعہ علماء کونسل کے علامہ کاظم رضا ، جمعیت اہلحدیث کے قاضی عبد القدیر خاموش ، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عارف علوی اور دیگر قومی ، سیاسی و مذہبی قائدین نے ان اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مولانا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو فول پروف سیکورٹی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔