پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے ٹکر لینے کا مطلب 20 کروڑ عوام سے جنگ ہے۔ ہم نواز شریف نہیں بلکہ آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اس لئے سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں۔ ہم آخری وقت تک آئین پاکستان کا تحفظ کرینگے کیونکہ جس میں ملک آئین نہ ہو وہ ملک ختم ہو جاتا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جب سیاست میں آئے تو میرے آئیڈیل تھے لیکن ان کی سیاست نے انھیں انتہائی مایوس کیا ہے۔ عمران خان روزانہ کسی نہ کسی سیاستدان کی پگڑی اچھالنے اور اسے گالیاں دینے میں مصروف رہتے ہیں۔ گانے یا قوالیوں سے کسی کی حکومت ختم نہیں کی جا سکتی۔
وزیراعظم کو نکالنے کا آئینی طریقہ عدم اعتماد کا ووٹ ہے۔ اس بحران کا حل پارلیمنٹ سے نکلے گا۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ فوج کی سیاست میں مداخلت کا تاثر دینے والوں کا نوٹس لیں۔