کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ نون کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو مطالبات پر عمل درآمد کے لیے وقت دیا تھا لیکن ان کو باتیں دیر سے سمجھ آتی ہیں، ن لیگ کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔
بلاول بھٹو نے گڑھی خدابخش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ مستعفی ہونے کےبجائے سپریم کورٹ سمیت سب کو دھمکیاں دے رہے ہیں، وہ کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں سےملاقاتیں کرتے ہیں، مجھے اب دیکھنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کیا کرتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےاپنی کابینہ میں دہشت گردوں کے سہولت کار رکھے ہوئے ہیں، اگرکل کچھ ہوا تو میاں صاحب تو بیرون ملک چلے جائیں گے، میاں صاحب کے تواسکینڈل ہی اسکینڈل ہیں، ایک اور لڑائی کیلئے تیار ہوجائیں، بلاول میدان میں آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لانگ مارچ کی تیاری شروع کردی ہے، چار مطالبات منوانے کیلئے پورے پاکستان کا دورہ کرونگا، کارکن سیاسی لانگ مارچ کی تیاری کر لیں۔