پشاور : چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے میں مصروف ہیں، گزشتہ دو ماہ کے دوران پاکستان قوم پر 4 بار پٹرول بم گرایا گیا جو کہ تشویش ناک عمل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہانگیرہ ضلع نوشہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ کی ناقص پالیسیوں کے باعث مزدور ،نادار اور محنت کش طبقہ مہنگائی کی چکی میں مسلسل پس رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد کا پاکستان آج مفاد پرست ،سرمایہ دار اور نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والے سیاستدانوں کی جانب سے دئیے گئے زخموں سے چور ہے ۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ مستقبل پاکستان عوامی حقوق کی علمبردار جماعت ہے اقتدار میں آکر نہ صرف عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کرے گی بلکہ غریب مزدور کی یومیہ آمدنی ایک ہزار روپے اور بے سہارا و لاچار خاندانوں کو ماہانہ بنیاد پر ایک من آٹا بھی مفت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے دعوے تو ہر آنے والی حکومت کرتی ہے لیکن جب اسے اقتدار مل جاتا ہے تو وہ عوام سے کیے گئے وعدے پس پشت ڈال کر اپنے مفادات کے حصول کیلئے مصروف ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے بیگاڑ پیدا ہوتا ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ ہم لوگ قول و فعل میں تضاد کے سخت مخالف ہیں جو وعدے اور دعوے کیے جارہے ہیں انہیں ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔