فیصل آباد : پیپلز پارٹی سٹی کے نائب صدر رانا گلزار احمد نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے جبکہ سردیوں کے موسم میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ مجموعی حکومتی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے. چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوںکی تمام تر جزیات سے پارلیمنٹ اور عوام کو مطلع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام شریف برادران کے منہ سے پچھلے کئی سالوں سے بجلی بحران کے خاتمے کی خوشخبریاں سن سن کر تنگ آ چکے ہیں اور اب انہیں موجودہ حکومت پر کوئی اعتبار نہیں رہا . انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے راہنمائوں پر ہر بیرونی سودے یا معاہدے میں کمیشن لینے کے بارے میں بہت ساری باتیں ہو تی ہیں اس لئے شریف برادران کو چائییے کہ وہ چین کے ساتھ توانائی اور دیگر شعبوں میں ہونے والے تمام معاہدوں کی تفصیلات اور اخراجات پارلیمنٹ میں پیش کرکے اراکین کو اعتماد میں لیں . انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وزراء پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر بہت بغلیں بجا رہے تھے مگر عملی طور پر وہ اس کمی کو عوامی سطح تک منتقل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں . ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمتیں اپنے چند مخصوص لوگوں کو نوازنے کیلئے کم کی ہیں اور اگر ایسا نہیں ہے تو حکومت اپنی رٹ نافذ کرتے ہوئے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی واضح کمی کرے .