اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے جولائی کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جولائی کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ صارفین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارت خزانہ کو بھیجتی ہے جو قیمتوں میں اضافے یا کمی کا حتمی اعلان کرتی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جولائی کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 77 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی تھی جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 111 روپے 91 پیسے ہوجاتی۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 94 پیسے کمی کی سفارش کی گئی تھی جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 26 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 50 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔
پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 112 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی جو جولائی میں بھی برقرار رہے گی۔
ماہ جون کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 68 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپیہ 69 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔