اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومتی منصوبے دیکھ کر دنیا ہنس رہی ہے کہ بھوکے ننگے لوگوں کی ترجیحات کیا ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ ایک دو شہروں میں ترقی ہوگئی تو سب ٹھیک ہے،اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر کا منصوبہ 35 ارب 100 ارب تک پہنچ گیا لیکن کوئی پوچھنے والانہیں، ان منصوبوں کو دیکھ کر دنیا ہنس رہی ہےکہ بھوکے ننگے لوگوں کی ترجیحات کیا ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سوات آپریشن کے متاثرین کو 3 ماہ میں بحال کردیا لیکن اس کے باوجود پیپلزپارٹی کی حکومت کو برا بھلا کہا گیا، ہم نے انتخابات میں عوام کے فیصلے پر سرتسلیم خم کیا لیکن بنوں میں گزشتہ 2برس سے لوگ اب بھی آئی ڈی پیز کے طور پر رہ رہے ہیں، چترال ، بونیر، دیر سب پاکستان ہے، وہاں کے بچوں کا بھی حق ہےکہ انہیں لاہور جیسی سہولیات ملیں، اورنج ٹرین سے کسی کا پیٹ نہیں بھرے گا
زلزلہ زدہ علاقوں میں لوگ شدید مشکل میں ہیں، وزیر اعظم ایک رات کھلے آسمان تلے گزار کر دکھائیں، حکومت اپنی تشہیر کے پیسوں کو ان پر لگائے۔ خیبرپختونخوا حکومت بھی اپنےعلاقوں پر توجہ دے اور وزیراعظم بھی وہاں جائیں، وزیر اعظم زلزلہ زدہ علاقوں میں 3 دن کیمپ لگائیں، دیکھیں کیسے مسائل حل ہوتے ہیں۔