نواز حکومت کی پالیسیاں از خود مارشل لاء کیلئے راستہ ہموار کر رہی ہیں۔زبیر خان

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمااور لیبر ونگ پاکستان کے صدر زبیر خان نے کہا ہے کہ نواز حکومت کی پالیسیاں از خود مارشل لاء کے لئے راستہ ہموار کر رہی ہیں۔ 1999ء کی تاریخ ایک بار پھر اپنے آپ کو دہرانے کے لئے جا رہی ہے۔ اس وقت اگر کارگل کا معرکہ فوجی تسلط کا باعث بنا تھا تو آج شمالی وزیرستان آپریشن” آرمی کو” کے لئے راستہ ہموار کر رہا ہے۔

نواز شریف جمہوریت پر یقین اور سویلین قیادت پر اعتماد رکھتے تو اسمبلی کے فلور پر کسی بھی تاثر سے عاری چہرے کے ساتھ “ISPR”کی پریس ریلیز نہ پڑھ رہے ہوتے بلکہ قومی قیادت کو اعتماد میں لیتے ، ان کے سامنے تمام تر صوتحال کو رکھتے اور پھر کسی نتیجے پر پہنچتے تو یقینافوج ، حکومت، اپوزیشن اور ملکی عوام ایک پیچ پر ہوتے ۔ تحریک انصاف آج بھی یہی سمجھتی ہے کہ فوجی آپریشن کبھی بھی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا اب جب کہ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تو تحریک انصاف اپنی افواج اور قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور انہیں اخلاقی اور سیاسی محاذ پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم حکمران اور فوج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آپریشن کے باوجود مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ انصاف ہائوس میں ہونے والے کراچی لیبر ونگ کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی سیکریٹری اطلاعات خالد عمران، بسم اللہ خان، اجمل مغل، شاہنواز صدیق، محمد رفیق، شاہنواز جدون، اسرار عباسی، نصیر احمد، علی اعوان، منور حسین ، محمد علی قریشی، رشیدہ خان، حنا سحر، عاصمہ مراد اور دیگر رہنمابھی موجود تھے۔ زبیر خان نے مزید کہا کہ آپریشن کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ معصوم اور بے گناہ افراد کی ہلاکتیں اور ان کے مال مویشیوں کا نقصان نہ ہونے پائے۔ جو لوگ اور خاندان آپریشن کے باعث ہجرت کرنے پر مجبور ہوں تو ان کے انخلاء کو پر امن اور محفوظ بنانے کے ساتھ ان کے لئے باعزت رہائش اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں کیونکہ اگر حکومت کا فرض دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا ہے تو معصوم و بے گناہ لوگوں کو تحفظ فراہم کر نا بھی انہیں کی ذمہ داری ہے۔ اس عمل میں کی گئی کوتاہی و غفلت کا نتیجہ انتقام و خود کش بمباروں کی وہ فوج ہوگی جس کا خمیازہ پوری پاکستان قوم کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے ملک کے معروضی حالات کے باعث لیبر ونگ کے تحت جمعے کے روز الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے دھاندلی کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے ملتوی ہونے کا بھی اعلان کیا۔

PTI ZUBAIR KHAN

PTI ZUBAIR KHAN