لاہور (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سیکیورٹی پالیسی سامنے آنے کے بعد اگلے ایک ڈیڑھ دن میں طالبان کی طرف سے بھی پالیسی سامنے آجائے گی وہ بھی حتمی فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کہ کیاکرنا ہے۔
پرویزمشرف کے کیس میں ان کے لیے نہیں نوازشریف کے لیے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ ایکسپریس نیو ز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی پالیسی بنانے میں حکومت کو 25 سال لگے ہیں، پہلی مرتبہ تمام سیاسی جماعتیں ایک نکتے پر متحد ہیں لیکن حکومت بانجھ ہے ان کو فیصلہ کرنا ہی نہیں آرہا،کہیں دنیا میں اس طرح ہوتا ہے کہ مذاکرات بھی ہوں اور کارروائیاں بھی جاری ہوں دونوں فریقین کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں۔
فوج بھی وقت لینا چاہ رہی ہے اور طالبان بھی چاہتے ہیں کہ برف ہٹے تو وہ پہاڑوں پر جائیں پھر دیکھیں گے کیا کرنا ہے، ایک دفعہ چاہے آپریشن ہو یا مذاکرات جب شمالی وزیرستان ڈیل ہوگیا تو بہت سکون ہوجائے گا۔ اصل میں یہ کسی سیاستدان کا فیصلہ نہیں، طالبان اور فوج کے درمیان فیصلہ ہونا ہے۔