حکومت سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے فوج کو ڈھال نہ بنائے؛ چودھری شجاعت

Chaudhry Shujaat

Chaudhry Shujaat

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت نے آرٹیکل 245 کے نفاذ کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے فوج کو ڈھال نہ بنائے۔

ضربِ عضب کے دوران افواج پاکستان کو مشکلات میں دھکیلنا دانشمندی نہیں۔ ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کراچی میں امن عامہ کی خراب صورتحال کے باوجود 245 کے تحت اقدامات نہیں کیے گئے لیکن اسلام آباد میں مفروضوں کی بنیاد پر فوج کو بلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 245 کے نفاذ سے پہلے حکومت کو فوج کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو پارلیمنٹ سے آئینی تحفظ دلانے کی یقین دہانی کرانی چاہیے،استثناء نہ ملنے کی صورت میں حکمران فوج کو آئینی دلدل میں پھنسا دیں گے۔

چودھری شجاعت حسین کاکہنا تھا کہ جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کے فوجی اقدامات کو پارلیمنٹ سے آئینی تحفظ دلایا گیا، موجودہ حالات میں بھی فوجی اقدامات کو آئینی تحفظ دلانا ضروری ہو گا۔