کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابقہ رکن قومی اسمبلی شبیر حسن انصاری نے آٹے کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نا اہلی نے عوام سے دو وقت کی روٹی کو بھی میلوں دور کر دیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں آ ٹا کبھی اتنامہنگا نہیں ہوا جتنا ابھی ہے، اس وقت صوبہ سندھ میں چکی کا آٹا 60روپے سے لیکر 70روپے کلو بک رہا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں بھی یہی صورتحال سننے کو مل رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ہاءو س سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت نے کوئی ایسا شعبہ نہیں چھوڑا جس کو تباہ نہ کیا ہو، نا اہل لوگوں نے اپنی نا اہلی کیوجہ سے غریب عوا م کو جیتے جی مار دیا ہے، غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔
ابھی چند دن قبل ہی ایک میر حسن نامی شخص نے اپنے بچوں کے سامنے اپنے اوپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی ، اس جیسے نہ جانے کتنے ہی میر حسن ہیں جو روز نا اہل حکومت کی نا قص پالیسیوں اور کارکردگی کی وجہ سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ روزانہ موجودہ حکومت کی نا اہلی کا ایک نیا کارنامہ دیکھنے کو ملتا ہے ، کبھی پتہ چلتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ، کبھی بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ، کبھی روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ اور اب آٹے کی قیمت بھی عروج پر پہنچی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو پریشان کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے ، روزانہ ایک نہ ایک ایسا فیصلہ لیا جاتا ہے جس سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عوامی طاقت کے ذریعے اس حکومت کو ختم کردیا جائے کیونکہ اب اس حکومت کو مزید وقت دینا مزید بحرانوں اور مشکلا ت کو وقت دینے کے مترادف ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد عوامی مسائل کے حل کے لیئے مسلم لیگ ن کی عوامی حکومت کو اقتدار میں لائیں گے کیونکہ عوامی حکومت کی عوا می مسائل کو حل کرسکتی ہے ، عوامی حکومت ہی جمہوری روایات کی پاسدار ہوتی ہے اور عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرتی ہے۔