حکومت اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ حسن ظفرنقوی

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفرنقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ کے باوجود امریکی ڈرون حملوں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اور وہ عناصر جو اس دورے کو کامیاب قرار دے دہے تھے ، حالیہ ڈرون حملے نے ان کے دعوؤں کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ وحدت سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری بیان میں مرکزی ترجمان نے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی جانب سے سینیٹ میں ڈرون حملوں سے متعلق پیش کی گئی جھوٹی رپورٹ کی بھی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر ان حملوں میں فقط دہشتگرد ہی نشانہ بن رہے ہیں تو پھر امریکہ سے نوازحکومت کیوں حملے بندکرنے کا مطالبہ کررہی ہے؟۔ دراصل ڈرون حملوں پر حکومت اور امریکہ ایک پیج پر ہیں یہ فقط عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور طالبان سے مذاکرات سمیت دیگر ایشوز پر نواز حکومت کنفیوژ ہے جس کے باعث واضح پالیسی اختیار نہیں کی جا رہی۔

اپنے بیان میںعلامہ حسن ظفرنقوی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی بھی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کررہی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایک سو دو ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ پاکستان میں فقط چند پیسوں کی کمی کرکے عوام کو لالی پاپ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں کمی کو عالمی نرخوںکے مطابق کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔