حکومت سے ممکنہ معاہدہ، تحریک انصاف نے ایک دن کا وقت مانگ لیا

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے ممکنہ معاہدے کی تجاویز پر تحریک انصاف کو جواب سے آگاہ کر دیا۔ پی ٹی آئی نے اپنے موقف کے لئے ایک دن کی مہلت مانگ لی۔ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکن شاہراہ دستو سے ڈی چوک منتقل ہو گئے۔

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو ان کے مطالبات کے جواب میں تحریری جواب دے دیا ہے جس پر تحریک انصاف نے ایک دن کی مہلت مانگی ہے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق حکومت کی مذاکراتی ٹیم
کے سربراہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کی قیادت کو حکومت جواب پہنچایا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے
سیکریٹریٹ چوک پر اپنا گھیراؤ ختم کر دیا ہے۔ کارکن وزیراعظم ہاؤس اور سیکریٹریٹ کے اندرونی حصوں سے واپس آ گئے ہیں۔

دھرنے میں شریک پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنوں نے گزشتہ ہفتے کی شب وزیراعظم ہاؤس اور سیکرٹریٹ کے اندرونی دروازوں پر قبضہ کر لیا تھا اور سیکرٹریٹ چوک میں شاہراہ دستور پر ایک چیک پوسٹ قائم کر لی تھی تاہم دھرنے کے شرکاء نے انتظامیہ کے کہنے پر شاہراہ دستور پر قائم کی گئی چیک پوسٹ، سیکرٹریٹ کے اندرونی حصوں اور پی ایم ہائوس کے گیٹ پر لگائے گئے خیمے ختم کر دیئے ہیں۔

کارکن شام ہوتے ہی واپس دھرنے کی جگہ پر آ گئے ہیں اور پی ٹی وی چوک پر لگے اپنے کنٹینرز کے اندرونی جانب چیک پوسٹ قائم کر لی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیکرٹریٹ کے اندرونی اور بیرونی حصوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔