اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے طے پاگیا، کمیٹی آئینی اصلاحات کمیٹی کی طرز پر کام کریگی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور رضا ربانی سے ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے اور انتخابی اصلاحات کا پیکج پارلیمنٹ میں پیش کرنے پراتفاق کیا گیا۔
ملاقاتوں میں طے پایا کہ پارلیمانی کمیٹی دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کریگی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد نے الیکشن کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے ہم سے بات کی ہے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی بنائی جائیگی۔