جھنگ : گورنمنٹ پرائمری سکول نواز آباد بھکر روڈ جھنگ صدر کا ہیڈ ٹیچر ریاض حسین کلاسن سکنہ گرین ٹائون ٹوبہ روڈ جھنگ مبینہ طورپر فرعون بن گیا ہے جس نے طاقت اور اثر ورسوخ کی بنیاد پر بھائی اوربہنوں کی لاکھوں روپے مالیتی قیمتی جائیدادوں پر قبضہ سمیت دیگرحصہ داران کو حصہ دیئے بغیر آبائی پراپرٹی فروخت کردی ہے۔
جبکہ والدہ اور بھائی و بہنوں پر وحشیانہ تشدد کا سلسلہ بھی جاری ہے مگر تھانہ صدر میں مقدمہ کے اندراج کے باوجود کوئی کاروائی نہ ہونے پر مظلوم بھائی نے ڈی پی اوجھنگ ذیشان اصغر سمیت اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف کی اپیل کردی ہے۔ عبدالرزاق ولد احمد بخش قوم کلاسن سکنہ بستی یارے والی پنڈی مدوکی ڈاکخانہ خاص تحصیل وضلع جھنگ نے ڈی پی او کو دی گئی درخواست اور میڈیاسے بات چیت کے دوران مؤقف اختیارکیاکہ ہیڈٹیچر ریاض حسین اس کا بھائی ہے۔
جس نے چک نمبر 375ج ب ٹوبہ میں موجود والد کالاکھوںروپے مالیتی پختہ مکان فروخت کرکے رقم ہضم کرلی ہے اسی طرح چاہ یاریوالہ موضع مدوکی جھنگ میں بھی والد کا آبائی مکان لاکھوں روپے میں فروخت کردیاہے۔ اس نے بتایاکہ موصوف نے اپنی والدہ کی زرعی اراضی جو اس نے پسران میں تقسیم کرکے قبضہ بھی دے دیاتھا اس پر ناجائز قبضہ کرتے ہوئے 4کنال اراضی فروخت کردی۔
اس نے بتایاکہ محلہ اکبر پورہ جھنگ میں ان کی والدہ کا14مرلے رہائشی پلاٹ بھی تھا جسے محمد ریاض نے اپنے بہنوئی محمد اسلم ولدغلام حیدر کا قرض چکانے کیلئے اس کے نام منتقل کرنے کوکہامگر بعدازاں پلاٹ کی جگہ رقم حاصل کرلی ۔اس نے بتایاکہ ان کے والد محکمہ تعلیم میں درجہ چہارم کے ملازم تھے جنہیں ریٹائرمنٹ پر 5لاکھ روپے کی رقم ملی مگر پنشن ملتے ہی برادر ریاض حسین نے انہیں ورغلانا شروع کردیا اور رقم نہ ملنے پر تشدد کرکے پنڈلی فریکچر کردی۔ اس نے بتایاکہ ریاض کے خلاف تھانہ صدر جھنگ میں مقدمہ درج اورچالان بھی ہوا لیکن اس نے پھر بھی پنشن کی رقم ہضم کرلی۔
اس نے بتایاکہ اس کی والدہ بھی محکمہ تعلیم میں درجہ چہارم کی ملازمہ تھی جن کی پنشن کی رقم 7لاکھ روپے بھی موصوف نے پلاٹ خرید کردینے کے ضمن میں ہتھیا لی لیکن پلاٹ خرید کراپنے ہی نام کروا لیا۔ اس نے بتایاکہ ریاض نے اپنے معذور بھائی محمد اشفاق سے کیکر کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم بھی چھین لی اوراسے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس نے بتایاکہ اس کی والدہ بھی موصوف کے ٹارچر اورذہنی اذئیت کے باعث بیمار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئی۔
اسی طرح محمد ریاض نے اپنی بہن کے شادی کے لاکھوں روپے مالیتی طلائی زیورات بھی خرد برد کرلئے ۔عبدالرزاق نے بتایاکہ ان کا ایک بھائی امتیازاحمد اپنی تنخواہ سے پس انداز ہونے والی رقم گھر میں رکھتاتھا جسے ریاض حسین نے غائب کروا دیا۔ اسی طرح موصوف کی زیادتیوں ، چیرادستیوں ، ظلم اورجبر کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اس نے بتایاکہ ریاض کے خلاف کئی تھانوں میں حدود سمیت دیگر جرائم کے مقدمات درج ہیں لیکن وہ پھر بھی ملازمت اور ظلم کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی طرح موصوف کے خلاف محکمانہ انکوائریاں بھی شروع ہوئیں لیکن اس نے اپنے اثر ورسوخ سے انہیں سرخ فیتہ کی نظرکروالیا۔عبدالرزاق نے ڈی پی او جھنگ سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے فوری انصاف کی فراہمی اور محمدریاض حسین کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔