اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وزارت، منصوبہ بندی و ترقی نے کراچی لاہور موٹر وے، اسلام آباد، مری، مظفرآباد ریلوے لائن بچھانے سمیت توانائی کے منصوبوں کیلئے 74 ارب روپے جاری کر دیئے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی جلد تعمیر کیلئے آئندہ بجٹ میں بھی اطمینان بخش رقم رکھیں گے۔ وزارت منصوبہ بندی وترقی کی طرف سے جاری ہونے والے وفاقی وزیر منصوبہ بند ی و ترقی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کیلئے 14 ارب روپے، کراچی لاہور موٹروے کیلئے زمین خریداری کیلئے ساڑھے 25 ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کی زمین خریداری کیلئے ساڑھے 10 ارب روپے، اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کیلئے 16 ارب روپے اور گوادر فری زون منصوبے کیلئے 6 ارب روپے جاری کیے اور اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے منصوبے کیلئے 2 ارب روپے جاری کیے ہیں۔