حکومت نے پورے صوبے میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے سینٹرز قائم کئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق

لاہور: مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کی بحالی اور دیکھ بھال حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور فلاحی کاموں کے سلسلہ میں مخیر حضرات کو آگے آنا چاہیےـ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو پڑھانا ایک مشکل کام ہے اور اس چیلنج کو قبول کرنے والے اساتذہ لائق تحسین ہیںـانہوں نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں سپیشل ایجوکیشن سینٹر راوی ٹاؤن نزد علی پارک میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاـ اس موقع پر ملک ریاض ایم این اے کے علاوہ سکول کی پرنسپل رافع اشفاق ، پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے جنرل سیکرٹری محمد مظفر ، سپیشل ایجوکیشن سینٹر شیرانوالہ گیٹ کے پرنسپل ایوب بٹ ، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجودتھیـ اس موقع پر خصوصی بچوں نے مختلف ٹیبلو اور خاکے پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

جس پر حاضرین نے تالیاں بجا کر بچوں کی حوصلہ افزائی کیـاس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت خصوصی تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے اور خصوصی بچوں کے سکولوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے سکولوں کو بسیں بھی مہیا کی گئی ہیںـ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ایک مشکل کام ہے اور اس چیلنج کو قبول کرکے اساتذہ نے عظیم قومی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے ـ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ خصوصی بچوںکے والدین بھی لائق تحسین ہیں جو بڑی حوصلہ مندی کے ساتھ ان بچوں کی پرورش کررہے ہیںـ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو قدرت نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے ان پر توجہ دے کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہےـ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سکول کو درپیش مسائل اور اساتذہ کی سروس کے معاملات کو حل کرنے کے لئے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن سے بات کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو وزیراعلی پنجاب سے بھی مسائل کے حل کے لئے درخواست کی جائے گی۔