اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے درمیان اسلام آباد کے ہوٹل میں مذاکرات کا پہلا دور ہوا۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت کے سامنے 6 مطالبات رکھے گئے ہیں، جن پر حکومت غور کرے گی اور آج بھی مذاکرات ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی ایک صحافی کی جانب سے کئے گئے ایک سوال پر ناراض بھی ہو گئے ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے نتیجہ خیز مذاکرات شروع کرنے کے بیان کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا آغاز تو ہوگیا، تاہم آئی ایس پی آر کے بیان سے جڑا سوال شاہ محمود قریشی کو ایک آنکھ نہ بھایا، سیخ پا ہوکر کہنے لگے، ہمیں آئی ایس پی آر کے اشاروں پر مذاکرات کی ضرورت نہیں، اور آپ کا سوال بیڈ ٹیسٹ میں تھا۔
اس موقع پر مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان حالیہ تنازع کو حل کرنے کیلیے مذاکرات کا شروع ہونا خوش آئند بات ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ مذاکرات کے نتیجے میں صورتحال بہتر ہو۔