اسلام آباد (جیوڈیسک) لگتا ہے کہ سیاسی طوفان تھمنے لگا ہے اور مذاکرات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
حکومت اور تحریک انصاف نے مذاکرات کے لئے ٹیمیں بنادی ہیں۔ حکومتی کمیٹی میں گورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی وزرا پرویز رشید زاہد حامد احسن اقبال اور عبدالقادر بلوچ شامل ہیں۔
تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم میں شاہ محمود قریشی جاوید ہاشمی اسد عمر جہانگیر ترین اور عارف علوی شامل ہیں۔ دونوں کمیٹیوں کے درمیان اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کو مطالبات پیش کردیئے ہیں، مشاورت کے بعد جواب کے منتظر رہیں گے۔
حکومتی ٹیم کے رکن گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ حکومت پہلے سے رابطے میں تھی،،مذاکرات میں دونوں کمیٹیاں ملکی مفاد میں فیصلے کریں گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چھ مطالبات پر پارٹی میں مشاورت کی جائے گی جس کے بعد تحریک انصاف سے دوبارہ بات چیت کریں گے۔