حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکراتی عمل آج بحال ہونے کا امکان

Dialogue

Dialogue

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل آج دوبارہ بحال ہونے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات میں ایک نئی تجویز پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان آج دوبارہ رابطے اور مذاکراتی عمل بحال ہونے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے ایک نئی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی قومی اسمبلی سے قرار داد منظور کرانے کی تجویز دے گی۔ جس کے مطابق جوڈیشل کمیشن انتخابی دھاندلی کی تیس روز میں تحقیقات مکمل کرے گا۔

مجوزہ قرار داد میں انتخابی دھاندلی ثابت ہونے پر وزیراعظم کو مستعفی ہونے کا پابند بنایا جائے گا جبکہ تمام اسمبلیاں تحلیل کر کے غیر جانبدار نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف الیکشن کرائے جائیں گے۔