اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومتی کمیٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جہانگیر ترین کی رہائشگا ہ پر ہوا۔ بات چیت کے چودھویں مرحلے میں حکومتی کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی ٹرم آف ریفرنسز وزیراعظم کے استعفے اور دھاندلی کی تعریف سے متعلق اپنا موقف پیش کیا۔
حکومتی کمیٹی نے اپنا جواب تحریری صورت میں تحریک انصاف کی کمیٹی کے حوالے کیا۔ اس سے پہلے تحریک انصاف کو پیش کئے گئے موقف پر تمام پارلیمانی رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات فائنل راؤنڈ میں داخل ہو چکے ہیں۔ بات چیت کو مثبت انداز میں کامیاب بنایا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا۔
کہ مذاکرات انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ فریقین کو پہلے سے زیادہ ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔ حکومتی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے میڈیا سے بات تو کی لیکن صحافیوں کے سوالات لینے سے معذرت کر لی۔