اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا چھٹا دور آج شام چار بجے ہو گا۔ پی ٹی آئی اپنے مطالبات پر ڈٹی ہوئی ہے اور حکومت وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ ماننے کے لیے تیار نہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت آج سہ پہر دوبارہ ہو گی۔
حکومتی ٹیم کی قیادت اسحاق ڈار کریں گے، دیگر اراکین میں پرویز رشید، احسن اقبال، عبدالقادر بلوچ اور زاہد حامد شاہ شامل ہوں گے، جبکہ پی ٹی آئی کی نمائندگی اسد عمر، جہانگیر ترین، پرویز خٹک، شفقت محمود اور شاہ محمود قریشی کریں گے۔
اب تک مذاکرات کے پانچ ادوار سیاسی بحران کا حل نکالنے میں ناکام رہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس بحران سے نمٹنے کے لیے فوج سے ثالث بننے کی درخواست اسکروٹنی کی زد میں آچکی ہے۔ واضح رہے کہ جمعے کو پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی، جس کی وجہ وزیراعظم کی جانب سے فوج سے مدد مانگنے کے تاثر کی تردید کرنا تھا۔
جمعے کو مذاکرات کے اختتام پر عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پر قومی اسمبلی کے ایوان میں جھوٹ بولنے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اپنے احتجاج کو لاہور، کراچی، فیصل آباد اور ملتان تک بڑھائے گی جس کا آغاز ہفتے سے ہو گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ اپنے اگلے اقدام کا اعلان اتوار کو کریں گے۔