لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی نے حکومت اور تحریک انصاف کو مل بیٹھ کر روٹ طے کرنے کا مشورہ دے دیا ، سراج الحق کہتے ہیں اللہ نہ کرے لانگ مارچ کے بعد کوئی ڈبل مارچ بھی ہو ، تصادم ہوا تو سبھی گھر کو جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج سیاست مفادات اور شخصیات کے گرد گھوم رہی ہے ، آئین اور جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں ، حکومت سمیت سب کو کھلے دل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
اسلام آباد کو نوگو ایریا نہ بنایا جائے۔ حکومت اور عمران خان کو مل بیٹھ کر روٹ طے کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے لانگ مارچ کے بعد کوئی ڈبل مارچ ہو ، ایک دوسرے کو برداشت نہ کیا تو سیاستدانوں کے ہاتھ کچھ بھی نہیں رہے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدل وانصاف کی حکمرانی نہیں ، انتخابی دھاندلی کے حوالے سے تحریک انصاف کے موقف کے حامی ہیں۔
انتخابی اصلاحات بھی پورے ملک کا مسئلہ ہے لیکن بدقسمتی سے اتفاق رائے نہیں ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ رحمان ملک ، آصف علی زرداری کا پیغام لیکر آئے ہیں ، سابق صدر سے بھی رابطہ برقرار ہے۔