لاہور (جیوڈیسک) پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی کیلئے حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ بامقصد مذاکرات اور ان کی کامیابی ہی جمہوری نظام کا تحفظ ہے۔ حکومت اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کو ختم کرکے اعتماد کی فضا کو سازگار بنائیں۔
جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سیاست سے ملک وقوم کو نقصان ہوگا۔ 67 برسوں سے ملک کو جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ نظام کی تبدیلی ناگز یر ہوچکی ہے۔ فیصل آباد جیسے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں ان میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔ ادھر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا کہ ملک میں بد ترین طبقاتی نظام مسلط ہے، ملک کا کوئی ادارہ چوروں، لٹیروں، ظالموں اور استحصالیوں سے خالی نہیں۔