کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے کہا کہ احاطہ عدالت میں نقاب پوش اہلکاروں کا تشدد قابل نفرت و مذمت اقدام ہے اور اگر حکومت اس کی ذمہ دار ہے تو عوام اور میڈیا کے غضب سے دوچار ہو گی۔
اگر یہ پبلسٹی و میڈیا کی توجہ اور عوامی ہمدردی کے حصول کی سازش ہے تو بہت جلد بے نقاب ہوجائے گی۔ تحریک انصاف کے تمام پارٹی عہدیداروں کو فارغ کئے جانے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے امیر پٹی نے کہا کہ جمہوریت میں اکثریتی رائے کے تحت فیصلے کئے جاتے ہیں جبکہ منتخب عہدیداروں کو فرد واحد کی خواہش و ضرورت پر فارغ کردینا آمرانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔
پانی بحران پر امیر پٹی کا کہنا تھا کہ بحران مصنوعی اور عارضی ہے جس کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے اور وفاق کی جانب سے آئی پی پیز کو عدم ادائیگی بجلی بحران اور لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا سبب ہے جبکہ موسمی حالات عنقریب دریاؤں میں طغیانی اور سیلاب کی نشاندہی کررہے ہیں جس سے نمٹنے کیلئے حفاظتی انتظامات و اقدامات سے صرف نظر بڑی تباہی کا پیش خیمہ دکھائی دے رہا ہے۔
قرائن بتارہے ہیں کہ حکمران ٹولہ جلد عوامی غضب کا شکار ہونے والا ہے اور حکومت اسی سال پانی ‘ بجلی بحران اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی ذمہ داری کے داغ ماتھے پر سجائے رخصت کردی جائے گی۔