اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے وفاقی و صوبائی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو آپس میں لڑوانے کی پالیسی ترک کی جائے۔
وفاقی اور صوبائی حکومت نے پہلے مالا کنڈ میں غیر آئینی و غیر قانونی کسٹم ایکٹ نافذ کیا۔ اب فیڈرز سے بجلی کی تقسیم پر عوام کو دوبارہ باہم دست و گریبان کر دیا گیا۔عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے والے علاقے میں موجود بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
صوبے کے خالص پن بجلی منافع کی اصل قسط بھی صوبائی حکومت حاصل نہیں کر سکی۔عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ کرنے والوں کے اصل چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو اسفند یار ولی خان نے دیر اور سوات کے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام دشمن حکومتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر بھائی چارہ کا مظاہرہ کر تے ہوئے مسائل کا حل اتحاد کے ذریعے نکالیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی عوام کی پشت پر ہے۔
مطالبات کی منظوری کےلئے ہر سطح پر نا صرف عوامی آواز اٹھائی جائیگی بلکہ مسائل کے حل کےلئے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسفند یار ولی خان نے مزید کہا کہ اپنے بنیادی آئینی حقوق حاصل کرنے کےلئے عوامی اتحاد و یکجہتی لازمی ہے۔عوامی اتحاد کی مضبوطی سے سرکاری و سیاسی عزائم ناکام بنائے جا سکتے ہیں۔