اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے 80 پیسے اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے 80 پیسے اضافہ متوقع ہے۔
پٹرول 7 روپے 46 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 7 روپے 86 پیسے، لائٹ ڈیزل 5 روپے 25 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمتوں میں 5 روپے 61 پیسے اضافے کا امکان ہے۔
آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کل وزارتِ خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ نئی قیمتوں کے تحت ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے 55 پیسے، مٹی کا تیل 3 روپے 41 پیسے، ڈیزل 2 روپے 31 پیسے اور پٹرول ایک روپے 70 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا تھا۔
پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو پٹرول 87 روپے 70 پیسے ، ڈیزل 98 روپے 76 پیسے اور مٹی کا تیل 79 روپے 87 پیسے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔