حکمران عوامی ریفرنڈم کے سامنے سرنڈر کر دیں:محمود الرشید

Mian Mehmood ur Rashid

Mian Mehmood ur Rashid

لاہور (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر پنجاب و تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکمران عوامی ریفرنڈم کے سامنے سرنڈر کر دیں، ری الیکشن ہی بحران کا واحد حل ہے، جنوبی پنجاب نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دیدیا، ری الیکشن کے اعلان میں مزید تاخیر ہوئی تو پھر الیکشن کی تاریخ کوئی اور ہی دے گا، گو نواز گو تحریک کھیتوں کھلیانوں تک پہنچ گئی، جنوبی پنجاب کے باشعور اور استحصال کا شکار عوام بہتر مستقبل کی امید میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسوں سے شہر اور دیہات کا فرق ختم ہو گیا، ہر سطح پر عوام تبدیلی اور نوجوان میرٹ پر روزگار چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بڑی تیزی کے ساتھ عوامی حمایت کھورہے ہیں، میاں محمود الرشید نے میانوالی کے بعد ملتان میں تاریخ ساز جلسے کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ملتان کے کارکنوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے پر مبارکباد دی۔ تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر انجینئر یاسر گیلانی نے عبدالقادر گیلانی کے گارڈز کے ہاتھوں قتل ہونیوالے نوجوان طاہر ملک کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کو ظلم اور بربریت کی انتہا قرار دیا۔