حکومت پنجاب کی جانب سے آمدہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے منظور کئے جانے والے بلدیاتی ایکٹ میں قرار دیا گیا ہے
Posted on September 10, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
چکوال: حکومت پنجاب کی جانب سے آمدہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے منظور کئے جانے والے بلدیاتی ایکٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ صوبہ بھر کی ایسی تمام تحصیلیں جن کی مجموعی آبادی 30 ہزار 500 نفوس پر مشتمل ہے ان کو بلدیہ کا درجہ دیا جائیگا اور اس سے کم آبادی والی تحصیلوں کی تحصیل کی حیثیت کو ختم کر کے انہیں یونین کونسل میں تبدیل کر دیا جائیگا۔
مذکورہ ایکٹ کی منظوری سے ضلع چکوال کی تین تحصیلوں تحصیل چکوال، تحصیل تلہ گنگ اور تحصیل چوآسیدن شاہ کوبلدیہ کا درجہ مل جائیگا کیونکہ مذکورہ تینوں تحصیلوں کی آبادی 30,500 سے زائد ہے جبکہ تحصیل کلر کہار کی تحصیل کی حیثیت ختم کر دی جائیگی اور تحصیل کلرکہار کو یونین کونسل کا درجہ دیدیا جائیگا۔
جبکہ دوسری جانب اہلیان تحصیل کلر کہار نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور تحصیل کلر کہار سے ہی تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی سے مطالبہ کیا ہے کہ کلر کہار نہ صرف مقامی بلکہ صوبائی و ملکی سطح پر ایک معروف سیاحتی مقام ہے لہذا کلر کہار کی تحصیل کی حیثیت کو ختم نہ کیا جائے۔