حکومت پنجاب صوبے کے چھوٹے کا شتکارں کو بائیو گیس اور شمسی توانا ئی سے چلنے والے ٹیوب ویل فراہم کرے گی، منصوبہ پر 7.5ارب روپے کے اخراجات کئے جائیں گے ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر غضنفر ڈوگر کے مطابق صوبائی حکومت زرعی آبپاشی کیلئے توانائی کے سستے متبادل ذرائع کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،اس سے نہ صرف لوگوں کو کم خرچ آبپاشی کی سہولیات دستیاب ہوں گی بلکہ جانوروں کے گوبرکا بھی بھرپور استعمال کیاجا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ بائیو گیس اور شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل صوبہ بھر میں کاشتکاروں کو ان کی ضرورت کے مطابق دیئے جائیں گے ،جو 5ایکڑ تا ساڑھے بارہ ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان کو فراہم کئے جائیں گے، پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ متبادل توانائی کے استعمال سے نہ صرف ماحولیات پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے بلکہ اس سے ملک کی 65 فیصد آبادی کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔