اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سیکریٹری پانی و بجلی نے عدالت کو پہلے سے لیز شدہ لاکھڑا کول پاور پلانٹ کی نجکاری مخر کر دی۔ عدالت کا منصوبے کی نجکاری سے متعلق حکومت نے تحریری بیان جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
سپریم کورٹ میں لاکھڑا پاور پراجیکٹ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے لاکھڑا پاور پراجیکٹ کی نجکاری کا فیصلہ موخر کر دیا۔ جسٹس عظمت شیخ نے استفسار کیا کہ حکومت نے فیصلہ موخر کیا ہے یا واپس لے لیا ہے۔
سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ جب تک پراجیکٹ پر تحفظات دور نہیں ہوتے اس وقت تک فیصلہ موخر رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ جب تک عدالت میں زیرالتوا ہے اس وقت تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے سیکرٹری پانی و بجلی کو حکم دیا کہ نجکاری موخر کرنے سے متعلق بیان تحریری طور پر جمع کرائے۔ مقدمے کی سماعت جاری ہے۔