حکومت بہتر زرعی پیداوار کیلئے سائنسی بنیادوں پر کام کر رہی ہے: یاور زمان
Posted on September 14, 2013 By Tahir Webmaster لاہور
لاہور : صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں زمین کی زرخیزی کو بحال رکھنے کے لئے حکومت پائیدار بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہیں تا کہ کسانوں کو بہتر زرعی پیداوار کے حصول کے لئے گائیڈ لائنز مہیا کی جا سکیں ۔صوبائی وزیر نے ادارہ بحالی اراضی میں اعلی تعلیم یافتہ سائنسدانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی آبی ضروریات کو خاطر خواہ انداز میں پورا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
زرعی ماہرین کی خدمات سے سائنسی بنیادوں پر استفادہ کر کے پنجاب میں فصلوں کی بہتر پیداوار کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔یہ بات صوبائی وزیر آبپاشی نے ادارہ بحالی اراضی پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ واقع مغل پورہ کے دورہ کے موقع پر کہی۔اس موقع پر چیف انجینئر اریگیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ وقار احمد وڑائچ، ڈائریکٹر بحالی اراضی رانا محمد اقبال کے علاوہ زرعی سائنسدانوں کی ٹیم بھی موجود تھی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ادارہ بحالی اراضی نے 1996 سے لیکر تاحال ابتک پنجاب کے 13بلین ایکٹر رقبے کی زرخیزی کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اسی طرح ادارہ نے 4500 ایکٹر بنجر رقبے پر 9مختلف علاقوں میں زرعی فارم قائم کئے ہیں جہاں پر زرعی تحقیق کا عمل جاری ہے اور زرعی پیداوار میں 13 کروڑ سالانہ آمدنی بھی ہو رہی ہے۔
ادارہ بحالی اراضی 3280 پرائیویٹ ٹیوب ویلوں کے پانی کی کوالٹی مانیٹر کر رہا ہے تا کہ کسانوں کو اس پانی کے فصلوں پر ہونے والے اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ادارہ بحالی اراضی نے بتایا کہ بارانی علاقوں میں زمین کی زرخیزی کو بڑھانے اور پانی کی فراہمی کے سلسلے میں بھی سائنسدانوں کی ٹیم تحقیقاتی سرگرمیوں انجام دے رہی ہے جس سے خصوصا پوٹھو ہار کے علاقوں میں زراعت کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو پانی کی بچت کے جدید طریقوں سے روشناس کرنے اور کم پانی کے حصول والی فصلوں کو کاشت کرنے میں ترغیب دینے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔