حکومت کی طرف سے مستقل بنیادوں پر چلائی جانے والی انسداد پولیو مہم کا اصل مقصد اس موذی مرض کو جڑ سے اکٹھار کر ملک کو فری پولیو قرار دینا ہے

جھنگ : ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مستقل بنیادوں پر چلائی جانے والی انسداد پولیو مہم کا اصل مقصد اس موذی مرض کو جڑ سے اکٹھار کر ملک کو فری پولیو قرار دینا ہے جس کیلئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی ذمہ داری سے ادا کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں۔ یہ بات انہوں نے 30ستمبر سے 4اکتوبر2013ء (پانچ روزہ)پولیو مہم کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ، ڈی ایچ او، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال،ایم ایس ٹی ایچ کیوز ہسپتال، ڈپٹی ڈی ایچ اووز،ڈاکٹرز،اے ڈی سی، اسسٹنٹ کمشنرزکے علاوہ ڈی ای او ایلمنٹری، ضلعی خطیب اوقاف، ڈی او زراعت اور دیگر محکموں کے افسران و عملہ اور سپر وائزرز سٹاف نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ نونہال ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ان کی پرورش اور مختلف امراض سے محفوظ رکھنا حکومت اور ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کوہر صورت پولیو قطرے پلواکر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

انہوں نے پولیو سٹاف کو ہدایت کی کہ دوران مہم کوئی بچہ پولیو خوراک پیئے بغیر نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم پر زور دیا کہ دوران اسمبلی بچو ںکو آئندہ پولیو رائونڈ کے بارے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ہوم ورک ڈائری پر پیغام نوٹ کروائیں کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول میں بھی اس بارے میں آگاہ کریں اور اگرانہیں کسی بچے کے بارے میں معلوم ہوکہ اسے قطرے نہیں پلائے گئے تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ اس تک رسائی حاصل کرکے پولیو قطرے پلائے جا سکیں۔ اس دوران ای ڈی او ہیلتھ نے ڈی سی او کو بتایا کہ کچھ علاقوں میں اوباش نوجوان دوران مہم لیڈیز سٹاف کو تنگ کرتے ہیں جس سے وہ خوفزدہ رہتی ہیں۔ لہٰذا محکمہ پولیس کو چاہیے کہ وہ لیڈیز سٹاف کے تحفظ کیلئے بھر پور تعاون کرے۔ جس پر ڈی سی او نے یقین دلایا کہ لیڈیز سٹاف کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لاتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائے گی کہ آئندہ کسی سٹاف ممبر خاتون کو شکایت کا موقع نہ ملے۔

انہوںنے بتایا کہ آئندہ رائونڈ کے دوران ضلع بھر میں 4 لاکھ 8 ہزار 6 سو 52 بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جن کیلئے 998 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 869 موبائل ٹیمیں،34 عبوری اور 95 پوائنٹ شامل ہیںجنہیں چیک کرنے کیلئے 85زونل سپر وائزرز اور 185 ایریا انچارج اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔