اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف نے حکومت کے جواب کا جواب سندھ ہائیکورٹ میں داخل کرا دیا، پرویز مشرف نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کیخلاف مقدمات سیاسی بنیاد پر درج کئے گئے، حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل ڈاکٹر فروغ نسیم نے سندھ ہائیکورٹ میں 13 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا جس میں حکومتی کمنٹس کا پیرا وائز جواب دیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے تمام الزامات کی نفی کی گئی۔ پرویز مشرف نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف سیاسی بنیاد پر مقدمات قائم کئے گئے ہیں جواب میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے ملک کے اندر نقل و حرکت اور بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔
حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے، ان کی علیل والدہ دبئی کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حکومت انہیں والدہ کی عیادت کے لئے جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے تا کہ وہ اپنی والدہ کی عیادت کے لئے دبئی جا سکیں۔