حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جس نے تمام جماعتوں کا مینڈیٹ چرایا، پرویز الہی

Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں متفق ہیں کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اس لیے نوازشریف پہلے استعفیٰ دیں پھر ان سے اگلی بات ہو گی۔

گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم نے کبھی قرضے معاف نہیں کرائے اسی لیے ہم مسلسل الیکشن بھی لڑرہے ہیں تاہم جیت اور ہار اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر تمام جماعتیں متفق ہیں کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جس نے تمام جماعتوں کا مینڈیٹ چرایا ہے اور اس میں افتخار چوہدری اور ان کے دیگر ساتھی بھی شامل تھے۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم 32 سال سے انتخابات لڑرہے ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا کہ گنتی کےوقت ریٹرننگ افسران لوگوں کو کمرے سے باہر نکال دیں، ان لوگوں نے ریٹرننگ افسران کے ذریعے تھیلے بھروائے اوریہ 1977 کی تاریخ دہرائی جارہی ہے جب پولیس کے ذریعے دھاندلی کرائی گئی اور اب یہ کام ریٹائرڈ ججوں سے کرایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے آنے والے لوگوں کو پہلے فارغ کیا جائے گا اس لیے ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ نوازشریف پہلے استعفیٰ دیں پھر ان سے بات ہوگی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے نوازشریف سے استعفے کے بعد مذاکرات کی بات کی ہے اگر نوازشریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو عوام کا سمندر تب تک موجود رہے گا جب تک ان کو بہاکر نہ لے جائے۔