اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کو مارچوں سے کوئی خطرہ نہیں، عمران خان اور طاہرالقادری سے متعلق انتظامی تیاریاں مکمل کر لیں۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کو مارچوں سے کوئی خطرہ نہیں، عمران خان اور طاہرالقادری کوعوام کی حمایت حاصل نہیں۔ پنجاب حکومت طاہر القادری کی تقریر کا قانونی جائزہ لے رہی ہے۔ طاہر القادری نے لاقانونیت پر اکسانے کے جو ارادے ظاہر کیے ہیں انکو قانون کیساتھ باندھا جائیگا۔
پرویز رشید نے کہا منی لانڈرنگ میں طاہر القادری کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں ، حکومت کا فرض ہےکہ عوام کے تحفظ کیلئے کسی بھی شخص کو لاقانونیت سے روکے۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
پرویز رشید نے کہا پرویز مشرف نے لاقانونیت کی اور قانون نے ایکشن لیا اب بھی اس طرح کا کام کرنے والوں سے مختلف سلوک نہیں ہو گا۔ انہون نے کہا دونوں مارچوں سے متعلق انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، لوگ پکنک منانے کے موڈ میں ہیں، اسلام آباد آئیں حکومت سہولت دے گی۔