لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کردار کشی کے سوا حکومت کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے ملاقات کی جس میں صوبے کے سیاسی، تنظیمی اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی پی چیئرمین نے حسن مرتضیٰ کو عوامی ایشوز کو اسمبلی فلور پر بھرپور انداز سے اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کو سامنے لایا جائے۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ڈلیور نہ کرنے کی وجہ سے عوام معاشی بوجھ تلے دب گئے ہیں، تحریک انصاف نے معیشت کے بہت دعوے کیے مگر اب تک نتیجہ صفر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اسمبلی کے فلور پر سوالوں کے جواب دینے کا دعویٰ کیا تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان ایوان کا رخ ہی نہیں کر رہے، وزیر اعظم خود تو کیا وزراء بھی ایوان میں جواب دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کردار کشی کے سوا حکومت کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت نے ڈلیور نہ کیا تو عوام کی مایوسی کے ساتھ انہیں لانے والے بھی اُکتا جائیں گے۔