اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت آگ سے کھیل رہا ہے جو اس کے سیکولرزم کو جلا کر راکھ کردے گی۔
امریکی کینڈین نیوز چینل وائس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت کو ایسا لگتا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائے گی تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتی ہے۔
اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت اس وقت آگ سے کھیل رہا ہے اور یہ آگ بلآخر اس کی سیکولر تشخص کو جلا کر راکھ کر دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےسلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کو نظر انداز کیا اور پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے بات کرنے سے انکار کیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا خاموش رہ سکتی ہے اور دونوں فریقین پر بات چیت کرنے پر زور دے سکتی ہے جبکہ ان میں سے ایک فریق بات کرنے کے لیے ہی تیار نہیں ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے یہاں غالبانہ سوچ کے ذریعے کشمیر کو نگلنے کا ارادہ ہے لیکن یہ کبھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے تاہم مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے کے بعد ہی وہاں کے عوام اپنے ارادے بتائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا انتباہ دہراتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن ہے کہ بھارت پلوامہ حملے جیسی جھوٹی کارروائی کرواسکتا ہے جسے جواز بنا کر پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ کا آغاز نہیں چاہتا، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں۔