حیدر آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم کسی کی حکومت نہیں گرائیں گے، پہلے دن سے ہمارا مؤقف ہے کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں، سینیٹ کے الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
حیدر آباد میں پی پی کے سینئر رہنماء منیر رندھاوا سے ان کے بڑے بھائی رشید رندھاوا کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جو تحریک چلی، وہ 8 ماہ پہلے بھی چلی تھی، تب وہ تحریک بن نہیں پا رہی تھی، اب بن گئی ہے، جو ہوا اس کو جمہوری سمجھتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جہاں ہمارا ایک ووٹ بھی نہیں، وہاں بھی ہم پر سازش کا الزام لگایا جاتا ہے لیکن سینیٹ کے الیکشن ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، اگر 3 صوبوں کی اسمبیلیاں نہ ہوں تب بھی الیکشن ہوں گے کیونکہ شہباز شریف اپنی اسمبلی نہیں توڑیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی اتحاد نواز شریف کی حکومت کے خلاف نہیں ہے، ہم طاہر القادری صاحب کے ساتھ ہیں، جب ماڈل ٹاؤن سانحہ ہوا تب سے کہہ رہے ہیں کہ شہداء بے گناہ ہیں، انہیں انصاف چاہئے، انصاف کے لئے کسی کی مدد کرنے کا مقصد حکومت گرانا نہیں ہے۔
قصور کے سانحے پر ان کا کہنا تھا کہ ظلم اور زیادتی ہوئی ہے، بچی کے ورثاء کو انصاف ملنا چاہئے۔